اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش دھماکا کیس میں اہم پیشرفت، موٹرسائیکل رائیڈر گرفتار

اسلام آباد: اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش دھماکا کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ پولیس نے حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لانے والے موٹرسائیکل رائیڈر کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ خودکش حملہ آور کو ایک آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر نے محض 200 روپے کرایہ میں جوڈیشل کمپلیکس (جی الیون کچہری) تک پہنچایا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور جوڈیشل کمپلیکس تک کیسے پہنچا، اس حوالے سے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تفتیش جاری تھی، جس میں اب اہم سراغ ملا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس حملہ آور کے گولڑہ تک پہنچنے کے راستوں اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش میں بھی مصروف ہے۔

اس سے قبل تحقیقاتی اداروں کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ خودکش حملہ آور جمعے کے روز اسلام آباد پہنچا اور پیرودھائی سے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جی الیون کچہری پہنچا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار ہو کر پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ حملہ آور کے اعضا کچہری کے اندر تک جا گرے۔

تحقیقاتی ادارے سیف سٹی کیمروں، موبائل ڈیٹا اور جیو فینسنگ کی مدد سے واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔

Related posts

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی تفصیلات مقررہ وقت میں جمع نہ کرانے پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے درجنوں اراکین کی رکنیت معطل کر دی

والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کی ناقص کارکردگی بے نقاب، سیاحت کے فروغ کا اہم منصوبہ التوا کا شکار

محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر، نوٹیفکیشن جاری