راولپنڈی: عمران خان کی بہن علیمہ خان 11 ویں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہو گئی ہیں۔ عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان اور دیگر ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی۔
ذرائع کے مطابق، عدالت کی گزشتہ سماعت میں علیمہ خان کی مسلسل غیرحاضری کے باعث ان کے 37 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے اور ضمانتی مچلکے بھی خارج کر دیے گئے تھے۔ نادرا حکام نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب ریونیو بورڈ نے ان کی جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائی تھیں۔
علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے میں الزام ہے کہ انہوں نے 26 نومبر کے احتجاج کے دوران کارکنان کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے، جلاؤ گھیراؤ اور کارسرکار میں مداخلت کرنے کی کوشش کی۔
عدالت میں پیشی کے بعد کیس کی مزید سماعت کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور عدالت نے تمام شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔