خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی: دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جو بھی ہمارے جوانوں کو نشانہ بناتا ہے وہ دہشتگرد ہے اور صوبہ امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے سوا کوئی راستہ موجود نہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس انتہائی اہل اور مکمل طور پر باصلاحیت ہے، دہشتگردوں سے نمٹنے کی پوری استعداد رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے لیے جدید آلات کی خریداری کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ صوبے میں جدید فارنزک لیب بھی قائم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر وفاق واجبات ادا کرے تو پولیس اور صحت سمیت تمام شعبوں میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے وفاق کو خیبر پختونخوا میں آڈٹ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا اپنا بھائی بھی کرپشن میں ملوث ہوا تو اسے سزا ملنی چاہیے۔

صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشتگردی نے خیبر پختونخوا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے، لیکن امن کے لیے وہ وفاق کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق دہشتگردوں کو سخت سزائیں یقینی بنانے کے لیے صوبائی سطح پر قانون سازی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انسداد دہشتگردی قوانین میں موجود خامیاں دور کی جائیں گی۔

سیاسی اختلافات سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ مگر ایسے اقدامات نہیں ہونے چاہیئیں جن سے صوبوں کے عوام کو تکلیف پہنچے۔ پانی بند کرنے سے متعلق جنید اکبر کا بیان غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نہ کرے پنجاب کو بھی دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑے، اور اس وقت پورے ملک کو مل کر دہشتگردی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔

Related posts

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی تفصیلات مقررہ وقت میں جمع نہ کرانے پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے درجنوں اراکین کی رکنیت معطل کر دی

والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کی ناقص کارکردگی بے نقاب، سیاحت کے فروغ کا اہم منصوبہ التوا کا شکار

محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر، نوٹیفکیشن جاری