پنجاب میں امن و امان کے لیے بڑا اقدام، محکمہ داخلہ کا غیر معمولی مراسلہ جاری — عوام اور اداروں کو “پارٹنر اِن پیس” بننے کی دعوت

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے “سیف پنجاب” وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اور غیر معمولی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں تمام اداروں، تنظیموں اور عوام کو “پارٹنر اِن پیس” بننے کی دعوت دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق “سیف پنجاب” وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اتحاد، ذمہ داری اور عوامی شراکت داری انتہائی ضروری ہے۔ حکومت پنجاب صوبے میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ہر وقت متحرک ہے، اور کسی فرد یا تنظیم کو تشدد، قانون شکنی یا امن کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی کوئی اجازت نہیں ہوگی۔

سیکیورٹی تجاویز کے لیے خصوصی واٹس ایپ نمبر جاری
محکمہ داخلہ نے شہریوں سے مفید سیکیورٹی تجاویز لینے کے لیے خصوصی واٹس ایپ نمبر 0311-4340000 جاری کردیا ہے۔ شہری امن عامہ میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز تحریری صورت میں اس نمبر پر ارسال کرسکتے ہیں۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کی مفید سفارشات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

کسی جرم، مشکوک سرگرمی یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تمام اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم
محکمہ داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو مسلسل الرٹ رہنے اور تعلیمی اداروں، اسپتالوں، عوامی اور مذہبی مقامات پر سخت نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کی جاری کردہ سیکیورٹی ہدایات اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ بروقت سیکیورٹی آڈٹ سے ممکنہ واقعات کی پیشگی روک تھام ممکن ہے۔

تاجر برادری، مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور صنعتی شعبے کو قوانین کی پاسداری میں حکومتی اداروں کے ساتھ معاونت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق سول ڈیفنس کے رضاکار صوبہ بھر میں انتظامیہ کی مدد کے لیے فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

تمام اداروں اور تعلیمی سیکٹر کو مراسلے کی ترسیل
محکمہ داخلہ نے آئی جی پنجاب، تمام انتظامی سیکرٹریز، وفاقی اداروں کے سربراہان، ڈویژنل کمشنرز، سی سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنرز، سی پی اوز، آر پی اوز سمیت تمام صوبائی اور لوکل گورنمنٹ اداروں کے سربراہان کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔

مزید برآں، صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں کے پرنسپل، ریکٹر اور وائس چانسلرز کو بھی سیکیورٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور کو بھی “پارٹنر اِن پیس” بننے کی دعوت دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ عوامی آگاہی اور مثبت ردعمل کے لیے مراسلے کی وسیع تر تشہیر کی جائے تاکہ معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور سیکیورٹی شعور کو فروغ مل سکے.

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط