اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر خان نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اصلاحات اور راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس سروس کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں میٹرو بس سروس کو مزید فعال بنانے، اسٹیشنز کی حالت بہتر کرنے اور جدید سہولیات کے اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے میٹرو بس سروس کا روٹ مزید بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا۔
مسافروں کو بہتر اور معیاری ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے لیے راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس سروس کی بہتری کے لئے ایک مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جو سروس کی اپ گریڈیشن اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں باہمی رابطہ بڑھائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ روزانہ ہزاروں مسافر میٹرو بس سروس استعمال کرتے ہیں، اس لیے اس نظام کی بہتری شہری سہولت کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کی آسانی اور سموگ میں کمی کے لیے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کا اجرا کیا گیا ہے اور ای بسوں کے نیٹ ورک کو بتدریج وسیع کیا جا رہا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے ملاقات کے دوران پنجاب کے ٹرانسپورٹ شعبے میں حالیہ اصلاحات اور بہتری کے اقدامات سے بھی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ جدید، محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم شہریوں کی ضرورت بھی ہے اور حکومت کی اولین ترجیح بھی.