لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی نے عالمی سطح پر اعتراف حاصل کر لیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق امریکی کانگریس کے بعد معروف عالمی جریدے فوربز نے بھی مریم نواز کے اصلاحاتی اقدامات اور گورننس ماڈل کو قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ چند ماہ کے اندر عالمی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام نہ صرف شہروں بلکہ دیہاتوں میں بھی صفائی کے یکساں معیار کو یقینی بنا رہا ہے، جس سے شہری و دیہی تقسیم ختم ہو رہی ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق پہلے صفائی صرف شہروں کے پوش علاقوں تک محدود تھی، لیکن اب پنجاب کے دیہات بھی وہی صفائی کا معیار حاصل کررہے ہیں جو بڑے شہروں میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوربز میگزین نے مریم نواز کے ماحول دوست اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال، جدید گورننس ماڈل اور کرپشن کے خاتمے کے لیے متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل سسٹم کو سراہا ہے۔ فوربز کے مطابق مریم نواز نے 75 سال پرانے مسئلے کو چند ماہ میں حل کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام نے نہ صرف صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا بلکہ مقامی صنعت کو بھی فروغ دیا، جس کے نتیجے میں 1 لاکھ 40 ہزار نئی نوکریاں پیدا ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوربز نے اعتراف کیا ہے کہ دنیا پنجاب حکومت کے اس ماڈل سے سیکھنا چاہتی ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز پوری دیانت داری سے پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر بھی ان کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے.