اسلام آباد / راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج، جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی، اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے ہرقسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدام کیا جائے گا۔
راولپنڈی میں بھی سخت پابندیاں
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بھی ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ یکم سے 3 دسمبر تک جاری رہے گا، اور اس دوران راولپنڈی میں ہرقسم کے اجتماع، ریلی یا جلسے جلوس پر مکمل پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ اور تعاون کے ساتھ امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ کرائے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کے اعلان کے ساتھ اڈیالہ جیل جانے کا بھی عندیہ دیا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں.