لاہور: پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 63 ہزار 970 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے، جبکہ اس دوران 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 23 ہزار 904 گاڑیاں مختلف تھانوں میں زیرِ تحویل لے لی گئی ہیں۔
ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر بھی سخت ایکشن لیا گیا، جس کے تحت صرف ایک دن میں 28 ہزار چالان کیے گئے، جبکہ 4 ہزار 312 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں اب ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹریفک کوئیک فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو شہر کے اہم مقامات پر گشت کر رہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی شہریوں کی اپنی حفاظت کے لیے ضروری ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں.