گورنر راج لگانے کی ہمت ہے تو لگا کر دکھائیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا چیلنج

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کو سخت چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمت ہے تو صوبے میں گورنر راج لگا کر دکھایا جائے، ہم کسی سے نہیں ڈرتے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پہلے ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان کا راج ہے، لہٰذا کسی اور راج کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بند کمروں میں پالیسیاں بنا کر صوبے میں نافذ کرنا چاہتے ہیں، انہیں حالات کا ادراک ہونا چاہیے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان بھی واضح کر چکے ہیں کہ انہیں خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگتا ہوا نظر نہیں آرہا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے بھی میڈیا سے گفتگو میں مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق گورنر راج صرف اسی صورت میں لگ سکتا ہے جب صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو جائے۔ ان کے مطابق صوبے میں منتخب نمائندے، فعال کابینہ اور واضح اکثریت سے منتخب وزیراعلیٰ موجود ہیں، لہٰذا وفاق کو صوبے میں اپنا نمائندہ مسلط کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی واضح عوامی مینڈیٹ کے تحت منصب پر فائز ہیں اور صوبائی حکومت آئین کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے.

Related posts

عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ—ورکرز کنونشن میں خطاب

آئی ایم ایف کا اجلاس آج، پاکستان کے لیے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی نئی قسط پر غور