وزیراعلیٰ مریم نواز کا کم عمر طلبہ کی گرفتاری پر پابندی کا حکم، ٹریفک قوانین میں اہم اصلاحات کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے اور ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر کم عمر طلبہ کی گرفتاری روکنے کا حکم جاری کردیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا قصور نہیں، اصل ذمہ داری والدین اور حکومت کی ہے کہ وہ انہیں روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ پہننے کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ مریم نواز نے کہا کہ “معصوم بچوں کو نہیں پکڑنا چاہتے مگر قانون کی پاسداری ضروری ہے”۔

16 سالہ بچوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا فیصلہ

اجلاس میں 16 سال کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ کم عمر ڈرائیونگ کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔

ٹریفک اصلاحات اور نئی حکمت عملی

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے متعدد فیصلوں کا اعلان کیا، جن میں شامل ہیں:
• صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ہفتہ آگاہی منائے گی۔
• ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی بار صرف وارننگ چالان جاری ہوگا۔
• ٹریفک کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون اور باڈی کیم کا پہلی مرتبہ استعمال شروع کیا جائے گا۔
• ٹریفک پولیس کو ہدایت کہ عوام کی عزت نفس کا مکمل خیال رکھا جائے اور کسی قسم کی بدتمیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

والدین کی ذمہ داری پر زور

مریم نواز نے کہا کہ بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بارے میں ذمہ داری نبھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ:
• “بچوں کا قصور نہیں، ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی”
• “عوام کو اپنی حفاظت کیلئے عادتیں بدلنا ہوں گی”
• “ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کیلئے بنائے جاتے ہیں”

ٹریفک پولیس کی کارروائیاں

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑیاں بھی قانون کی زد میں آئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شہری اپنا کردار ادا کرے تاکہ سڑکوں پر حادثات میں کمی اور ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری لائی جا سکے.

Related posts

عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ—ورکرز کنونشن میں خطاب

آئی ایم ایف کا اجلاس آج، پاکستان کے لیے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی نئی قسط پر غور