چارسدہ: وفاقی وزیرِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے شب قدر قلعہ میں قائم فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں فیڈرل کانسٹیبلری کے قیام کے بعد پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ وزیر داخلہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ محسن نقوی نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ چاک و چوبند دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی۔
عملی تربیت کے مظاہرے
تقریب میں فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے عملی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے مختلف مظاہرے پیش کیے، جنہیں وزیر داخلہ نے بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے جوانوں کی تیاری، نظم و ضبط اور مہارت کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری ملکی سلامتی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اعزازات کی تقسیم
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر جوانوں نے اپنے تربیتی سفر اور عزمِ خدمت کا اظہار بھی کیا۔
خطبۂ استقبالیہ
تقریب کا آغاز کمانڈنٹ ایف سی کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جس میں انہوں نے وزیر داخلہ کی آمد، اصلاحات اور تربیت کے معیار بہتر بنانے کے لیے حکومتی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ تربیت یافتہ بیج ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا.