کراچی: نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کی جان جانے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے 5 متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت واقعے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو حکام اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے اجلاس میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے، اور جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کا ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنا قابلِ افسوس ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور چیف سیکرٹری سندھ کو آج ہی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا کہا گیا۔
معطل کیے گئے افسران
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ بلدیات سندھ نے مذکورہ افسران کو معطل کرتے ہوئے کارروائی شروع کر دی:
• عمران راجپوت – سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز، بلدیہ عظمیٰ کراچی
• راشد فیاض – اسسٹنٹ انجینئر، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال
• وقار احمد – ایگزیکٹو انجینئر، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن
• عامر علی شاہ – اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال
• سلمان فارسی – مختیارکار گلشن اقبال
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں کھلے مین ہولز اور دیگر خطرناک مقامات کی فوری نشاندہی کرکے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے.