وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں 2 سال کی توسیع کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
گزشتہ روز صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی سفارش پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔ صدر کی منظوری کے بعد اب وزارت دفاع نے بھی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی 5 سالہ تعیناتی
وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر 5 سال کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ اس تقرری کے بعد وہ پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ائیر چیف مارشل کی مدتِ ملازمت میں توسیع
وزارت دفاع نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں 2 سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔
صدرِ مملکت کی منظوری کے مطابق ائیر چیف کی توسیع شدہ مدت ملازمت 19 مارچ 2026 سے شروع ہوگی۔
ان اہم عسکری تقرریوں اور توسیعات کے بعد پاکستان کی دفاعی قیادت میں تسلسل برقرار رہے گا، جسے ملکی دفاع اور خطے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے.