نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا نعرہ پورے ملک میں گونجے گا اور نواز شریف کی قیادت میں پہلی مرتبہ پنجاب میں تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بطور وزیراعلیٰ اور بطور وزیراعظم ایسے منصوبے مکمل کیے جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا، اس سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں بے شمار سہولتیں حاصل ہوں گی۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی بدولت بچے وقت پر اسکول، مزدور فیکٹریوں اور وکلا عدالتوں میں باآسانی پہنچ سکیں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ لاہور میں دل کے امراض کا پہلا اسپتال نواز شریف نے تعمیر کرایا، جبکہ عام آدمی کی سہولت کے لیے بھی متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اور اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ کے دوران حالات بہت مختلف ہوتے۔”

وزیراعظم نے لاہور میں اسموگ میں کمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارکردگی ایسی ہے جسے کوئی چاہے بھی تو چھپا نہیں سکتا اور مخالفین کو بھی اس کا اعتراف کرنا پڑے گا.

Related posts

عطا اللہ تارڑ کا لاہور میں خطاب: ترقی ہمارا مشن، پاک فوج قوم کا فخر ہے

پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے تحصیل صدر میجر (ر) طارق محمود کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

سوئی ناردرن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کردیا