کوٹلی ستیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دورِ حکومت میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا۔ ان کے مطابق وزیراعظم کا جہاز جس بھی ملک میں داخل ہوتا ہے، اسے سلامی دی جاتی ہے، جو پاکستان کے بہتر ہوتے تشخص کا ثبوت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں جبکہ سابق حکومت یعنی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں عوامی فلاح کے بجائے مخالفین کی کردار کشی میں وقت ضائع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کے ساتھ جھوٹ اور فراڈ کیا اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والے آج اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔
سینئر وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کا آغاز کیا، جس کے مثبت نتائج پورے صوبے میں نظر آ رہے ہیں۔ گلی محلّے صاف ستھرے ہیں اور پنجاب میں بچوں کو لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں 10 ہزار نئی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے، جو صوبے کی ترقی میں بڑا کردار ادا کرے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مری ڈویلپمنٹ پلان دیا، جبکہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں بھی نمایاں اصلاحات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کوٹلی ستیاں کو تحصیل کا درجہ دیا، اور حکومت یہاں کی چیئر لفٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرے گی.