فیصل آباد: وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کے مطالبے کو ایک بار پھر دہرایا ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں تین، تین نئے صوبے قائم کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور مؤثر انتظامی ڈھانچہ فراہم کیا جاسکے۔
عبدالعلیم خان کے مطابق سندھ کے مجوزہ صوبوں کے نام وسطی سندھ، جنوبی سندھ اور شمالی سندھ ہونے چاہئیں، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی تین تین صوبے بنائے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں سے انتظامی کنٹرول مضبوط ہوگا اور ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی چھوٹے صوبے ہیں جو مؤثر طرزِ حکمرانی کی مثال ہیں۔ انہوں نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی کہ ملک کی انتظامی تقسیم کے لیے اس عمل کا ساتھ دیں۔
خطاب کے دوران انہوں نے پاک فوج کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں فوج نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ استحکامِ پاکستان پارٹی ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا پھیلانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا.