عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پارٹی کے بانی عمران خان کی بہنوں کو آج ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر  دھرنا دے دیا۔

اڈیالہ جیل میں ملاقات کا وقت ختم ہوگیا، بیرسٹر گوہر اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پولیس نے فیکٹری ناکے پر روکا، علیمہ خان کی جانب سے کارکنان کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی گئی اور وہ کارکنان کو ناکے سے پیچھے ہٹاتی رہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پولیس کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں یہ ہمارے ساتھ بہت اچھے ہیں، کارکنوں کو اس لیے پیچھے کررہی ہوں کیونکہ خواتین ساتھ ہیں، پولیس والے خود پریشان ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھاکہ ملاقات کی اجازت عرصے سے نہیں دی جارہی، میری بہن نے گزشتہ ملاقات پر کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کو کس کے احکامات پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ہم ملاقات کیلئے آئے پچھلے ایک ماہ سے اسی مقصد کیلئے آ رہے ہیں۔

اُدھر ملاقات کی اجازت نہ دینے پر عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا جس میں اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، شاہد خٹک، خیبر پختونخوا کابینہ کے اراکین مینا خان، شفیع جان و دیگر موجود ہیں۔

اڈیالہ جیل جانے والا راستہ بند ہے اور پولیس کی بھاری نفری فیکٹری ناکے پر موجود ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا ایک فیصد بھی امکان نہیں، ملاقات کسی کی خواہش پر نہیں قانونی بنیادوں پر بند ہوئی ہے۔

Related posts

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ—ورکرز کنونشن میں خطاب

آئی ایم ایف کا اجلاس آج، پاکستان کے لیے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی نئی قسط پر غور

الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین نہ مانا—تحریک انصاف عملی طور پر معدوم، اڈیالہ جیل کے گرد سیکورٹی سخت