اسلام آباد: قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بلکہ بھارت کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر مارتا ہے۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا ایک گہرا تعلق ہے، اور اللہ تعالیٰ نے مسلم دنیا میں سے محافظینِ حرمین کا کردار پاکستان کے سپرد کیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کو تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ “جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، وہاں انتشار اور فساد نے جگہ لی۔ عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں بلکہ محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے۔”
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے اور اس کے سوا کوئی یہ حکم نہیں دے سکتا۔ انہوں نے علما سے اپیل کی کہ وہ قوم کو متحد رکھیں اور ان کی نظر میں وسعت پیدا کریں۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا، “پاکستان ہمیشہ زندہ باد”