راولپنڈی: جیل ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا کوئی امکان نہیں۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی منتقلی سے متعلق چلنے والی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہی موجود ہیں اور ان کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے 5 رکنی ڈاکٹرز کے پینل نے حال ہی میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا، جس میں انہیں مکمل صحت مند قرار دیا گیا۔ سکیورٹی اور کھانے پینے کے انتظامات بھی تسلی بخش بتائے گئے ہیں۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کی منتقلی پر کوئی بھی تجویز یا عمل فی الوقت زیرِ غور نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کسی اور مقام پر منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا موقف تھا کہ حالات ایسے موڑ پر پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپسی ممکن نہیں، اور پی ٹی آئی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔
اسی حوالے سے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کا بیان بھی سامنے آیا تھا، جنہوں نے کہا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ قیدی کو اڈیالہ سے منتقل کردیا جائے اور حکومت بھی اس پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
تاہم جیل ذرائع نے تمام ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کا فیصلہ زیر غور نہیں.