پی ٹی آئی کو مذاکرات کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی محاذ آرائی کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی گئی، مگر پارٹی کی سینئر قیادت نے بتایا کہ انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاست نہیں بلکہ محاذ آرائی کر رہے ہیں اور ان کا انجام بھی بانی متحدہ جیسا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پارٹی کی منظوری سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کے پاس طاقت نہیں تو کیا ہم بغیر کسی انڈر اسٹینڈنگ کے بات کر رہے تھے؟

رانا ثنا اللہ کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی سے کہا کہ وہ اسپیکر ہاؤس آجائیں، ہم وہاں مذاکرات کے لیے موجود ہوں گے، مگر پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی ارکان نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست کی تاکہ انہیں سمجھایا جا سکے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ سیاست کی ہے، لوگ اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رکھتے ہیں لیکن افواج پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی اس فرق کو نہیں سمجھتی اور افواج کے خلاف بیانیہ اپناتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز نے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچایا جبکہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست محاذ آرائی تک محدود ہوچکی ہے، اور وہ بانی متحدہ والے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر کا ردعمل

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے بھی رانا ثنا اللہ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ڈیڈ لاک موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسا ماحول دیا جائے جس سے محسوس ہو کہ حکومت کے پاس اختیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی بات نہیں کی، پھر بھی ان کی فیملی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔

علی ظفر نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی پر جھوٹے مقدمات کس نے بنائے؟ عدت سمیت ہر طرح کے کیسز بنائے گئے تاکہ مقبولیت کم کی جائے، مگر کیسز ختم ہوئے لیکن مقبولیت کم نہیں ہوسکی.

Related posts

ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کا قومی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

اڈیالہ جیل ذرائع: عمران خان کی منتقلی کا کوئی امکان نہیں