لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بےگھر صنعتی ورکرز کے لیے نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کر دی۔ وزیراعلیٰ نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا باقاعدہ آغاز کیا اور کامیاب صنعتی کارکنوں کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر قرعہ اندازی کے بعد 720 صنعتی ورکرز اپنے بنے بنائے گھروں کے مالک بن گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بیواؤں اور اسپیشل افراد کو قرعہ اندازی سے الگ رکھ کر براہِ راست فلیٹس دیے جائیں۔
مریم نواز نے صنعتی ورکرز کے لیے مزید سہولیات کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 1872 مزید فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کش خاندانوں کو رہائش کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ میں قائداعظم بزنس پارک کے اندر 700 ورکرز کے لیے بیچلر ہاسٹل کی تین ماہ میں تکمیل کی بھی ہدایت جاری کی۔ اس کے علاوہ اسپیشل صنعتی ورکرز کی سہولت کے لیے گراؤنڈ فلور پر فلیٹس مختص کرنے کا حکم دیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ندیم طاہر نامی صنعتی ورکر کو خود فون کر کے فلیٹ حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اپنے والدین کو اپنے ساتھ رکھیں کیونکہ “ان کی دعاؤں سے ہی آپ کو یہ فلیٹ ملا ہے۔”
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صنعتی ورکرز کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور انہیں باعزت رہائش فراہم کرنا ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے.