جسٹس طارق جہانگیری نے ڈگری تنازع کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی کارروائی وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دی

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے اپنے خلاف ڈگری تنازع سے متعلق کیس میں ہائیکورٹ کی کارروائی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 9 دسمبر کو جاری دو رکنی بینچ کے حکمنامے کے خلاف آئینی عدالت میں اپیل دائر کی، جس میں قرار دیا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست قابلِ سماعت نہیں۔

وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں جسٹس طارق جہانگیری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر رِٹ درخواست کو خارج کیا جائے۔

دوسری جانب جسٹس طارق جہانگیری نے ہائیکورٹ کی کارروائی کو چیلنج کرنے کے لیے تین سینئر وکلا پر مشتمل قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین اسلام آباد ہائیکورٹ میں جبکہ عزیر بھنڈاری وفاقی آئینی عدالت میں جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے کیس کی پیروی کریں گے۔

جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کی بینچ سے علیحدگی کی استدعا کرتے ہوئے ڈگری کیس کے لیے فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست بھی دائر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فل کورٹ میں چیف جسٹس سمیت دیگر ٹرانسفر ججز کو شامل نہ کیا جائے۔

اس کے علاوہ جسٹس طارق جہانگیری نے جواب جمع کرانے کے لیے وقت دینے اور سندھ ہائیکورٹ میں کیس کے فیصلے تک سماعت ملتوی کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں گزشتہ سماعت کے دوران جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی بینچ میں موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا.

Related posts

بسنت کی رونقیں عروج پر: لاہور میں 54 کروڑ سے زائد کی ڈور اور گڈی فروخت، پشاور کے یکہ توت بازار میں پتنگ سازی کا کاروبار تیز

لاہور میں بسنت کی رنگا رنگ تیاریاں عروج پر، 6 تا 8 فروری میلہ سجے گا — کھانوں، ہوٹلوں اور سیاحت کا کاروبار چمک اٹھا

خیبر کے علاقے باڑہ میں فائرنگ سے قتل کیے گئے چار افراد کی لاشیں برآمد، تحقیقات شروع