مریم نواز کے گورننس ماڈل میں سفارش یا اثر و رسوخ کی کوئی گنجائش نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے گورننس ماڈل میں کسی کی سفارش یا اثر و رسوخ نہیں چلتا اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور شفافیت وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

ڈی جی پی آر میں معاون خصوصی پرائس کنٹرول و کموڈیٹی مینجمنٹ سلمیٰ بٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ لیہ میں بچے کے گڑھے (مین ہول) میں گرنے کے افسوسناک واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیا۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید کو میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت تک نہیں دی گئی اور فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے واقعات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں جدید اور محفوظ سیوریج سسٹم نصب کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ کو مکمل اختیارات اور وسائل فراہم کیے گئے ہیں، تاہم کسی بھی کوتاہی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور حکومت اس ضمن میں مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے بھارت کے صوبہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حالیہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون کا زبردستی حجاب ہٹانا انتہائی گھٹیا اور شرمناک حرکت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی عوامی عہدیدار کی جانب سے زبردستی حجاب ہٹانا عورت کی عزت، شخصی آزادی اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے، جس نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں تعلیمی، زرعی اور انفراسٹرکچر سمیت تمام منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ہر افسر و اہلکار اپنے عمل کا جواب دہ ہے.

Related posts

بھیک مانگنے پر ہزاروں پاکستانی مختلف ممالک سے ڈی پورٹ، قومی اسمبلی کمیٹی میں انکشافات

پنجاب میں شہریوں کی حفاظت و سہولت میں ناکام افسران کے خلاف کڑا اور فیصلہ کن احتساب جاری: وزیراعلیٰ مریم نواز

پاک بھارت جنگ میں مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھولیں گے: وزیراعظم شہباز شریف