کشمیر اور پاکستان ایک جان ہیں، انہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے آزاد کشمیر سے آئے صحافیوں کے 22 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز شیخ فرید احمد بھی موجود تھے۔ وفد میں سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے قائم مقام صدر نصیر انور، سیکرٹری جنرل سید اشفاق شاہ سمیت دیگر سینئر صحافی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر اطلاعات پنجاب نے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مختلف ترقیاتی، فلاحی اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان ایک جان ہیں اور انہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ظلم کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کشمیری صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اور صحافیوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیم کا حصہ ہیں، جن کی قیادت میں پنجاب ترقی، شفافیت اور فلاحی منصوبوں کے باعث عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سیاست میں گالی گلوچ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ ہونا چاہیے اور جو عوام کی خدمت کرے، وہی سیاست میں آگے بڑھنے کا حق دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے نے ملک کو نقصان پہنچایا، جبکہ سچ اور کارکردگی ہی کامیابی کا واحد راستہ ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعمیری پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق آسان کاروبار پروگرام کے تحت 80 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ستھرا پنجاب منصوبہ عالمی معیار کا پروگرام بن چکا ہے جس کے نتیجے میں 15 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ اسی طرح اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔

اس موقع پر سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے قائم مقام صدر نصیر انور نے کہا کہ پنجاب کی ترقیاتی پیش رفت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور خواہش ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آزاد کشمیر کا دورہ کریں۔ سابق صدر مظفرآباد پریس کلب طارق نقاش نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف صوبے میں عوام دوست اقدامات متعارف کروا رہی ہیں۔

آخر میں سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کی جانب سے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی.

Related posts

بھیک مانگنے پر ہزاروں پاکستانی مختلف ممالک سے ڈی پورٹ، قومی اسمبلی کمیٹی میں انکشافات

پنجاب میں شہریوں کی حفاظت و سہولت میں ناکام افسران کے خلاف کڑا اور فیصلہ کن احتساب جاری: وزیراعلیٰ مریم نواز

پاک بھارت جنگ میں مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھولیں گے: وزیراعظم شہباز شریف