ہری پور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا گیا ہے جو وہ زندگی بھر نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے قوم کی دعاؤں اور حمایت سے تاریخی فتح حاصل کی، جس کی گونج دلی سے لے کر ممبئی تک سنائی دی اور بھارت یہ شکست کبھی فراموش نہیں کر پائے گا۔
ہری پور میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا دلیر اور غیور عوام کا صوبہ ہے، جہاں کے عوام کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کی قربانیوں کے باعث ملک میں امن قائم ہوا، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا بھر میں مزید لیپ ٹاپس تقسیم کیے جائیں گے کیونکہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور محنت کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر آگے بڑھے گا اور یہ کامیابی کسی جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت، دیانت داری اور درست پالیسیوں سے حاصل ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ چکا ہے، معیشت منجدھار سے نکل آئی ہے اور اب استحکام کی جانب گامزن ہے، جسے مزید آگے لے کر جانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اتحاد سے ممکن ہے اور جب چاروں صوبے ترقی کریں گے تو ملک بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے وفاقی یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ہری پور میں دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور میں بچوں اور بچیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ دانش اسکول قائم کیے جائیں گے تاکہ معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے.