راولپنڈی میں انسدادِ دہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر کے خلاف اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ عدالت کے احکامات کی روشنی میں مختلف مقامات پر طلبی کے نوٹسز چسپاں کر دیے گئے ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے سیکشن 87 کے تحت جاری حکم نامے کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی سمیت مختلف جگہوں پر نوٹسز آویزاں کیے گئے ہیں۔ نوٹسز میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹسز کے متن میں کہا گیا ہے کہ نامزد ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔ عدالت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ملزمان کو پیشی کے لیے یہ آخری موقع دیا جا رہا ہے۔
نوٹسز کے مطابق اگر ملزمان مقررہ وقت پر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عدالت نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو بھی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے اس اقدام کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کے عمل میں مزید پیش رفت متوقع ہے.