لودھراں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لودھراں میں منعقدہ تاریخ کی سب سے بڑی تعلیمی تقریب میں شرکت کی، جہاں ملتان اور بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور خیر مقدمی نعروں سے پنڈال گونج اٹھا، جس پر وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر جواب دیا اور طالبات کے پاس جا کر مصافحہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکانِ اسمبلی کے پاس جا کر سلام کیا اور خیریت دریافت کی، جبکہ روایت کے مطابق طالبات کے درمیان بیٹھ گئیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبہ کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے ان کے ساتھ مل کر قومی ترانہ بھی پیش کیا۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پڑھنے والی طالبہ کو وزیراعلیٰ نے گلے لگا کر شاباش دی۔
اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے شاندار ملی نغمہ پیش کیا:
“چڑھتا سورج ہے اپنا پاکستان، دنیا دیکھے پاکستانی شان”
جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
طلبہ کے اعزاز میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ شعبہ سرائیکی کی طالبہ عروج فاطمہ نے سرائیکی زبان میں خطاب کرتے ہوئے ماحول کو جذباتی بنا دیا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آگے بڑھ کر انہیں گلے لگا لیا۔ صادق ویمن یونیورسٹی کی طالبہ قمر فاطمہ تقریر کے دوران آبدیدہ ہوئیں تو وزیراعلیٰ ایک بار پھر ان کے پاس پہنچ گئیں اور حوصلہ دیا۔
کرسچن طالبہ مریم جاوید نے انگریزی میں اپنے تعلیمی سفر کی روداد بیان کی اور کہا کہ “Laptop is a gateway”، جس پر وزیراعلیٰ نے اظہارِ شفقت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طالبات کے ساتھ خود سیلفیاں بنوائیں اور اپنے ہاتھوں سے طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے طلبہ کو “سپر ہیرو” اور “سپر گیسٹ” قرار دیا، جس پر پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بتایا کہ لیپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار اسکالرشپ میں 70 فیصد مستفید ہونے والی طالبات ہیں، جس پر طالبات نے خوشی کا اظہار کیا۔
وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جامعات کے لیے فنڈز میں 500 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
تقریب اختتام پذیر ہوئی تو طلبہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حق میں بھرپور نعرے لگائے اور تعلیمی ترقی کے اس عزم کو سراہا.