بہار کے وزیراعلیٰ کے رویے نے دو قومی نظریہ ایک بار پھر یاد دلا دیا: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارت کی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کے حالیہ رویے کو خاتون اور حجاب کی صریح بے حرمتی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس حقیقت کو ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ دو قومی نظریہ آج بھی زندہ اور برحق ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے جن خدشات کی بنیاد پر ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا تھا، بہار کے وزیراعلیٰ کا یہ رویہ انہی خدشات کی عملی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات مسلمانوں کے اس تاریخی فیصلے کی درستگی کو ثابت کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے اپنے بیان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ایک خاتون آفیسر کی عزت افزائی کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو عزت، وقار اور تحفظ حاصل ہے، جبکہ پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ خدا تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک میں رہتے ہیں جہاں خواتین کی عزت اور مذہبی اقدار کا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو قیامت تک شاد و آباد رکھے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان اور آزادی جیسی عظیم نعمت کی قدر کریں اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنائیں.

Related posts

پاکستان کی بڑی کامیابی، داعش خراسان کے ترجمان سلطان عزیز عزام گرفتار

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کے ورکنگ گروپ کا اجلاس

جڑواں شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل قابلِ ستائش ہے: وزیراعظم شہباز شریف