پاکستان کی بڑی کامیابی، داعش خراسان کے ترجمان سلطان عزیز عزام گرفتار

اسلام آباد: پاکستان نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کے ترجمان اور میڈیا ونگ کے بانی خارجی سلطان عزیز عزام کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے انجام دی۔

اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام داعش خراسان کا اہم رہنما، ترجمان اور تنظیم کے میڈیا نیٹ ورک کا مرکزی کردار تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلطان عزیز عزام کی قائم کردہ العزام فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی اور پراپیگنڈا سرگرمیوں کا مرکزی پلیٹ فارم سمجھی جاتی تھی۔

رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام کی گرفتاری کے بعد داعش خراسان کی میڈیا سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں، جس سے تنظیم کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اس مؤثر کارروائی سے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر کمزور کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد تنظیم کے کئی منصوبہ بند حملے ناکام بنائے گئے، متعدد اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنماؤں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں خطے اور عالمی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہیں۔

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کے ورکنگ گروپ کا اجلاس

جڑواں شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل قابلِ ستائش ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈگری تنازع کیس میں طارق جہانگیری کو جج کے عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا