کراچی: بیرون ملک بھتہ خوروں کی گرفتاری کے لیے سندھ حکومت کا وفاق کو خط

کراچی: کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث بیرونِ ملک موجود ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے حکومتِ سندھ نے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔ بلڈرز اور تاجروں کی جانب سے شکایات سامنے آنے کے بعد شہر میں بھتہ خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر بھتہ خوری میں ملوث عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، اور ان کی گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کر لیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

دوسری جانب ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) ڈاکٹر عمران کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال اب تک 50 سے زائد بھتہ خور گرفتار کیے جا چکے ہیں جبکہ تقریباً 170 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک بھتہ خور پولیس مقابلے میں مارا گیا، جس کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون سے متعدد تاجروں کے فون نمبرز اور وہ ڈیٹا بھی برآمد ہوا جس میں بھتے کے مطالبات کیے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلڈرز کی نمائندہ تنظیم آباد کی جانب سے جن 10 کیسز کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں سے صرف 3 واقعات کے مقدمات درج کرائے گئے تھے، جبکہ 5 کیسز کے بارے میں پولیس کو کبھی آگاہ ہی نہیں کیا گیا۔ باقی 2 کیسز چند روز قبل سامنے آئے ہیں جن پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Related posts

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور مصطفیٰ کمال کا توشہ خانہ ٹو کیس پر ردعمل

کوہستان مالی اسکینڈل: مرکزی ملزم قیصر اقبال کی 14 ارب روپے کی پلی بارگین کے لیے نیب کو درخواست

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف تحریری فیصلہ جاری