لاہور میں پنجاب اسمبلی کے قریب ایم پی اے ہاسٹلز کی زیر تعمیر عمارت میں ایک شخص نے بلند کرین پر چڑھ کر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کا مطالبہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق، کرین پر چڑھنے والے شخص کا نام وقار ہے، جس نے وزیر اعلیٰ کی تصویر والے بینر بھی پکڑے ہوئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اسمبلی کے سکیورٹی حکام اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے وقار کو کرین سے نیچے اترنے کو کہا، لیکن اس نے انکار کر دیا اور کہا کہ صرف وزیر اعلیٰ سے ملاقات ہونے پر ہی نیچے اترے گا۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سیاسی امور ذیشان ملک اور ایم پی اے رانا ارشد بھی موقع پر پہنچے۔ ذیشان ملک نے فون پر وقار سے بات کی اور اس کے جائز مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
یقین دہانی کے بعد وقار نیچے اتر آیا اور ذیشان ملک نے اسے اپنی گاڑی میں بٹھا کر روانہ کر دیا۔