وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات پر جائزہ اجلاس، برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کے لیے ناگزیر قرار

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے کاروباری افراد اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے فروغ پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا تاکہ برآمدات کے شعبے میں وسعت کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی وزراء برائے تجارت، صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ کو ہدایت کی کہ وہ مختلف صنعتی اور تجارتی شہروں کا دورہ کریں اور برآمد کنندگان کے مسائل براہِ راست سنیں۔

وزیراعظم نے کولڈ چین اور صنعت و تجارت سے منسلک دیگر شعبوں کے فروغ کے لیے صوبوں کے ساتھ روابط مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو مالی سال 2025-26 کے دوران اب تک کی برآمدات اور درآمدات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Related posts

لاہور: ایم پی اے ہاسٹلز کی کرین پر چڑھے شخص کا وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کا مطالبہ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور مصطفیٰ کمال کا توشہ خانہ ٹو کیس پر ردعمل

کراچی: بیرون ملک بھتہ خوروں کی گرفتاری کے لیے سندھ حکومت کا وفاق کو خط