لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مزید دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا، پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مزید دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں لاہور کے علاقے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر نذرِ آتش کرنے کے مقدمات کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو دونوں مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر دس، دس سال قید کی سزا سنائی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق یہ سزائیں لاہور کے علاقے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے واقعات میں ملوث ہونے پر سنائی گئیں۔

عدالت نے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 22 ملزمان کو بری کر دیا، جبکہ کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 5 ملزمان کو بری کیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ گلبرگ اور تھانہ نصیر آباد کی جانب سے مقدمات کے چالان عدالت میں جمع کرائے گئے تھے۔ تھانہ گلبرگ کے چالان میں 33 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں میاں اسلم اقبال سمیت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

اسی طرح تھانہ نصیر آباد پولیس نے 36 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کیا تھا، جس میں میاں اسلم اقبال سمیت 12 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد جیل اور عدالت کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

Related posts

بسنت کی رونقیں عروج پر: لاہور میں 54 کروڑ سے زائد کی ڈور اور گڈی فروخت، پشاور کے یکہ توت بازار میں پتنگ سازی کا کاروبار تیز

لاہور میں بسنت کی رنگا رنگ تیاریاں عروج پر، 6 تا 8 فروری میلہ سجے گا — کھانوں، ہوٹلوں اور سیاحت کا کاروبار چمک اٹھا

خیبر کے علاقے باڑہ میں فائرنگ سے قتل کیے گئے چار افراد کی لاشیں برآمد، تحقیقات شروع