اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں اور حکومت اس حوالے سے پہلے بھی پی ٹی آئی قیادت کو دعوت دے چکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی فلور پر بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی اور اب ایک بار پھر سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات صرف جائز مطالبات پر ہی ہو سکتے ہیں اور مذاکرات کی آڑ میں کسی قسم کی بلیک میلنگ قابل قبول نہیں ہوگی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اس لیے قومی مفاد میں تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے۔