پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومت کے رویے کو سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کو دوغلے پن اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ حکومت کی سیاسی کمزوری اور فکری دیوالیہ پن کی واضح علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو پیشگی شرائط عائد کر کے مذاکرات کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت موجودہ سیاسی اور آئینی بحرانوں کا مذاکراتی حل چاہتی ہے تو وہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بات چیت کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق حکومت محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے بھی رابطہ کر سکتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کسی بھی صورت میں حکومت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش تضادات اور دوغلے پن پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں اور وہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی قیادت کو متعدد بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے قومی اسمبلی کے فلور پر بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی اور اب ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں، تاہم صرف جائز مطالبات پر بات چیت ہو سکتی ہے، مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ قابل قبول نہیں ہوگی۔

Related posts

عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع، آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتے، غلطی کو غلط کہنا ہمارا حق ہے: مولانا فضل الرحمان

وزیراعظم شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت