سکھر: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتی، تاہم کسی بھی ادارے یا حکمران کی غلطی کو غلط کہنا ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
سکھر میں دستارِ فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کی پاکستان سے وفاداری اور دوستی کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی سیاست خوشامد پر مبنی نہیں بلکہ وہ حق بات کہنے پر یقین رکھتے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ دینی مدارس کے قیام اور ان کے استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور جماعت اپنے دینی و سیاسی مشن سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا اور مغرب کی سوچ کو بغیر سمجھے اپناتے ہیں، جبکہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور حکمرانوں کو مغربی نظریات کے بجائے اسلام کی پیروی کرنی چاہیے۔