پاکستان سب کا مشترکہ وطن، تمام شہریوں کو برابر حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کا مسیحی برادری کو خراج تحسین

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تمام شہریوں کا مشترکہ وطن ہے جہاں ہر فرد کو برابر کے حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اور کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار کرسمس کے موقع پر وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء، ارکانِ اسمبلی، مسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات اور سفارتی حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے زندگی کے ہر شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کے پیغمبر تھے جنہوں نے انسانیت کو محبت، امن، احترام اور ظلم و جبر سے نجات کا پیغام دیا، اور آج دنیا کو اس پیغام پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں، بالخصوص مسیحی برادری کا تاریخی کردار طب، تعلیم، صحت، عدلیہ اور دفاعِ وطن سمیت ہر شعبے میں نمایاں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مئی میں بھارت کی جانب سے جارحیت کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا، پاک فضائیہ کی کامیابیوں پر سیسل چوہدری کی قربانی یاد آ گئی۔

وزیر اعظم نے قائد اعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق فرمودات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی آزادی ہمارے آئین کا بنیادی حصہ ہے، اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقلیتوں کے احترام اور عزت کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے شہید ہارون ولیم کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دشمن سے لڑتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کر گئے، اور انہیں ان کی آخری رسومات میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں تمام شہریوں کو شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہوگا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان میں ہندو، مسیحی، سکھ سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ برابر کے شہری ہیں، جبکہ بھارت میں اقلیتوں کو تحفظ اور آزادی میسر نہیں۔

رکن قومی اسمبلی نیلسن عظیم نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں مسیحی برادری کے اعزاز میں تقریب خوش آئند ہے، اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کیا۔ تقریب سے مسیحی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط