قائد اعظم کے رہنما اصول آج بھی پاکستان کی ترقی کا روشن راستہ ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اقلیتوں کے حقوق اور بین المسالک ہم آہنگی کی ضامن ہیں
لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت، سیاسی بصیرت اور اصولی جدوجہد کی بدولت ہمیں آزاد اور خودمختار وطن نصیب ہوا۔ ان کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصول آج بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر قائد اعظمؒ کا احسانِ عظیم ہے، آج ہم جس آزادی اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں وہ انہی کی بے مثال قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ قوم کو چاہیے کہ اس نعمت کی قدر کرے اور ملکی ترقی کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ انہیں صحت و تندرستی کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرتا رہے گا۔
عظمیٰ بخاری نے دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور بین المسالک ہم آہنگی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتیں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سر کا تاج ہیں اور پنجاب حکومت انہیں مساوی مواقع، تحفظ اور عزت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں تاریخ میں پہلی بار شاندار چراغاں اور سجاوٹ کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ لبرٹی چوک پر 42 فٹ بلند کرسمس ٹری مسیحی برادری کے ساتھ محبت، احترام اور یکجہتی کا عملی مظہر ہے۔
آخر میں وزیر اطلاعات پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف قائد اعظمؒ کے تصورِ پاکستان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، یقین اور نظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کا مضبوط مستقبل دیا جائے گا۔