اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارا ایمان اور یقین مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ درست تھا اور ہمیشہ درست رہے گا۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اڑان پاکستان کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے ایک خاتون کا نقاب کھینچنے کا واقعہ دراصل تمام مسلمان خواتین کی توہین ہے اور اس سے ان کی عزت اور وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے واقعات دو قومی نظریے کو مزید تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ حقیقت واضح ہوتی جا رہی ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا پیش کردہ نظریہ بالکل درست تھا اور ہمیشہ درست رہے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کو ایک اہم ملک کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور پاکستان کی فوجی طاقت کو بھی مانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام میں ان کا کردار کلیدی ہے۔