پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری، ماہرین کا اہم پیشرفت قرار

اسلام آباد: ماہرینِ خارجہ امور کا کہنا ہے کہ پاکستان نے حالیہ مہینوں میں واشنگٹن کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ کابل ایئرپورٹ حملے کے مرکزی ملزم محمد شریف اللہ کی گرفتاری اور امریکا کے حوالے کیا جانا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس اقدام کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں واضح بہتری آئی، جس کا اظہار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب کے دوران پاکستان کا کھل کر شکریہ ادا کر کے کیا۔ ماہرین اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک فیصلہ کن موڑ قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بھارت کے برعکس پاکستان نے سفارتی محاذ پر برتری حاصل کی، جب اس نے صدر ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا۔ کشمیر بحران کے دوران بھی پاکستان نے امریکی ثالثی کی حمایت کی، جب کہ بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے واشنگٹن میں مؤثر سفارتی لابنگ کی اور صدر ٹرمپ کے قریبی مشیروں کی خدمات حاصل کیں، جس سے پاکستان کا مؤقف امریکی پالیسی ساز حلقوں تک مؤثر انداز میں پہنچا۔

جنرل عاصم منیر کے وائٹ ہاؤس دورے کو بھی غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے، جسے صدر ٹرمپ نے سراہا۔ ماہرین کے مطابق اس دورے نے دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی سمت دی۔

اس کے علاوہ پاکستان نے خود کو مشرقِ وسطیٰ میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر پیش کیا، خصوصاً سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات کی بنیاد پر۔ امریکا کے ساتھ 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے معدنی وسائل سے متعلق معاہدے نے بھی پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔

تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگرچہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے، مگر کمزور معیشت اور علاقائی عدم استحکام مستقبل میں بڑے چیلنجز ثابت ہو سکتے ہیں۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط