بھارت کے مزید جہاز گراسکتے تھے، ہم نے رحم کیا، دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو تیار ہیں: صدر آصف علی زرداری

گڑھی خدا بخش: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے مزید جہاز گرائے جا سکتے تھے، تاہم پاکستان نے ضبط کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے دوبارہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو قوم ہر طرح سے تیار ہے۔

گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ بے نظیر بھٹو کا دیا ہوا نعرہ ہے، جو آج بھی قومی یکجہتی کی علامت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اب یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو شکر گزار ہونا چاہیے کہ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، ورنہ اس کے مزید جنگی جہاز گرائے جا سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں پیپلز پارٹی اور اس کے جیالے موجود ہیں۔

آصف علی زرداری نے ملکی دفاع اور عسکری قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایسا آرمی چیف مقرر کیا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کی بڑی معیشت قرار دیتا ہے، مگر وہ چند دن بھی جنگ جاری رکھنے کی سکت نہیں رکھتا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فوجی سربراہ، صدر اور وزیراعظم جیسا حوصلہ اور جرات بھارت کہاں سے لائے گا۔

صدر زرداری نے ایک ذاتی واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ وہ محتاط رہیں اور اگر مقابلہ کرنا پڑا تو وہ اکیلے سامنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کے ملٹری سیکریٹری نے جنگ شروع ہونے کی اطلاع دے کر بنکر میں جانے کا مشورہ دیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ میدان میں مرنے کو ترجیح دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، تاہم اگر کسی نے ہاتھ بڑھایا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ملکی عسکری قیادت دشمن کو ناکوں چنے چبوا سکتی ہے۔

صدر مملکت نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت جن مسائل سے دوچار ہے، وہ آہستہ آہستہ کم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سالہ دورِ حکومت میں ایک شخص نے عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات خراب کیے اور معیشت کو نقصان پہنچایا، تاہم موجودہ قیادت اور عسکری اداروں کے تعاون سے دنیا کے ساتھ تعلقات دوبارہ بہتر بنائے جا رہے ہیں۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط