یو اے ای فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے کچھ شیئر لے گا، ایک ارب ڈالر کی لائبلٹی ختم ہو جائے گی: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے کچھ شیئر حاصل کرے گا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی ایک ارب ڈالر تک کی مالی لائبلٹی ختم ہو جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ یو اے ای نے اس سے قبل پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کیے تھے، جن میں سے ایک ارب ڈالر چند ہفتے قبل رول اوور ہونے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے پر یو اے ای کے ساتھ مؤثر رابطہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق یو اے ای فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے کچھ شیئر لے گا، جس کے بدلے ایک ارب ڈالر کی لائبلٹی ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعدد اجلاس ہو چکے ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ یہ ٹرانزیکشن 31 مارچ تک مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد پاکستان پر ایک ارب ڈالر کا مالی بوجھ ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں جنوری میں رول اوور ہونے والے 2 ارب ڈالر پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ یو اے ای ان 2 ارب ڈالر کو رول اوور کرنے کے بجائے پاکستان میں سرمایہ کاری کی صورت میں استعمال کرے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دوست ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

Related posts

محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر، نوٹیفکیشن جاری

دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہوگی، وزیراعظم کا دوٹوک پیغام

وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا تربت میں ایف سی بلوچستان (ساوتھ) ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی تیاریوں اور زیر تعمیر ہسپتال کا معائنہ