پنجاب اسمبلی واقعہ: قانون اور قواعد کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں، اسپیکر ملک محمد احمد خان

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ہر عمل آئین، قانون اور قواعد و ضوابط کے تحت ہوتا ہے اور ایوان کو کسی صورت غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل یا بدنظمی کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کی اولڈ بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اسمبلی میں داخلے، مہمانوں کی آمد اور سکیورٹی سے متعلق واضح ایس او پیز موجود ہیں جن پر عملدرآمد ہر صورت لازم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پنجاب اسمبلی آنا چاہتے ہیں، جسے انہوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اصولی طور پر اجازت دی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں داخلے کے لیے مہمانوں کے ناموں کی فہرست اور شناختی کارڈز کی فراہمی لازمی ہوتی ہے کیونکہ پنجاب اسمبلی ریڈ زون میں واقع ایک حساس ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے افراد کو اسمبلی لایا گیا جن کے نام مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں تھے اور بعض افراد ماضی میں دنگا فساد، جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس قسم کی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک ہونا پڑتا ہے اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ عناصر ہیں جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جیسے مقدس مقامات پر بھی ہلڑ بازی کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، حالانکہ یہ مقامات عبادت اور احترام کے لیے مخصوص ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے ہنگامہ آرائی اور لڑائی جھگڑے کے واقعے پر انکوائری کمیٹی قائم کرنے اور اس کی رپورٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی خلاف ورزی اسمبلی کے انٹری گیٹ پر ہوئی جہاں قواعد کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں وفاق کو مضبوط کرتی ہیں، مگر اس کے لیے برداشت، مکالمہ اور قانون کی پاسداری ضروری ہے۔ پنجاب اسمبلی کوئی عام جگہ نہیں جہاں کوئی بھی بلا اجازت داخل ہو سکے۔ اگر کسی کو قانون، پالیسی یا فیصلوں پر اعتراض ہے تو ایوان کے اندر بات کی جائے، گھیراؤ، جلاؤ، بدتمیزی اور تشدد کسی کا سیاسی حق نہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں یہ مثال نہیں ملتی کہ ایک ہی دن میں درجنوں فوجی تنصیبات پر حملے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات عوامی ردعمل نہیں بلکہ منظم منصوبہ بندی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر بہن بیٹیوں کے خلاف نازیبا زبان، مقدس مقامات کی بے حرمتی اور سرکاری و عوامی املاک کو نقصان کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط