نظام ہمارے لیے ساکت ہو چکا، لگ رہا ہے 2026 بھی سزاؤں کا سال ہوگا، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی: تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے لیے نظام مکمل طور پر ساکت ہو چکا ہے اور حالات دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ 2026 بھی سزاؤں کا سال ہوگا۔ انہوں نے صاحبِ اقتدار حلقوں سے اپیل کی کہ وہ کوئی راستہ نکالیں تاکہ ملک کے حالات بہتر ہو سکیں۔

اڈیالہ جیل کے داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ ہر منگل کو جیل آتے ہیں، مقررہ وقت تک انتظار کرتے ہیں اور پھر ملاقات کے بغیر واپس لوٹ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کی اجازت نہ ملنے میں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنوں کا بھی کردار ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک کسی بھی شدت سے چلے، مذاکرات کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا، مگر بدقسمتی سے مذاکرات اس انداز میں آگے نہیں بڑھ رہے جو حالات کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبِ اقتدار لوگ اس ملک پر ترس کھائیں اور حالات کو درست کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی سمیت پارٹی کے 16 ارکانِ پارلیمنٹ کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ساتھ تو سیزفائر ہو جاتا ہے مگر ہمارے اندرونی تنازعات ختم نہیں ہو رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریکِ انصاف نے کبھی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا اور ان کے پاس بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت نہیں آئی کہ بات چیت کا دروازہ بند کر دیا جائے۔ تاہم اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے واضح ہدایات دی ہیں اور احتجاج کرنا پارٹی کا آئینی حق ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا لاہور کا دورہ پارٹی مشاورت کے بغیر تھا اور یہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی میں مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، اچانک رکاوٹیں ڈالنے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم بشریٰ بی بی کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط