اسلام آباد: سال 2025 پاکستان کے لیے ایک ایسا سال ثابت ہوا جس میں فن، سیاست، معیشت، ادب، کھیل اور میڈیا سے وابستہ متعدد معروف اور بااثر شخصیات کا انتقال ہوا، جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔
سیاسی میدان میں سینیئر صحافی و دانشور عرفان صدیقی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو، سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر اور سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی اس سال دنیا سے رخصت ہو گئے۔
معاشی شعبے میں معروف ماہرِ معیشت اور پاکستان کی پہلی خاتون گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کا انتقال بھی رواں سال کا ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
ادب اور دانش کے میدان میں ممتاز ماہرِ تعلیم و دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ اور معروف شاعر تجمل کلیم بھی 2025 میں وفات پا گئے، جن کے علمی و ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فن و ثقافت کے شعبے میں ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ خان، اداکارہ حمیرا اصغر، حمیرا عابد علی اور سابق چائلڈ اسٹار عمر شاہ کا انتقال ہوا۔ اس کے علاوہ نامور فنکار انور علی، جاوید کوڈو اور لکی ڈئیر بھی اس سال دنیا سے رخصت ہو گئے۔
کھیلوں کی دنیا میں سابق بین الاقوامی کرکٹ امپائر خضر حیات کا انتقال ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔
سال 2025 میں انتقال کر جانے والی یہ شخصیات اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات کے باعث ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی کمی دیر تک محسوس کی جاتی رہے گی۔