وزیراعظم شہباز شریف کی کوہاٹ میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے۔

وزیراعظم نے تیل و گیس کی سپلائی چین کو درآمد سے لے کر صارفین تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے تیل و گیس مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی جس سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔

اجلاس کے دوران آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی ٹیسٹ کے مطابق اس کنویں سے یومیہ 4 ہزار 100 بیرل خام تیل اور 10.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق تیل و گیس کی دریافت کے لیے زمین میں 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک کھدائی کی گئی۔ منصوبے میں او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شراکت دار ہیں۔

وزیراعظم نے دریافت کو ملکی توانائی کے شعبے کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے توانائی کے بحران میں کمی اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔

Related posts

عمران خان کو جیل میں مکمل سہولیات اور پسند کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، صحت بالکل ٹھیک ہے: اعظم نذیر تارڑ

پنجاب حکومت کی کارکردگی گراونڈ پر نظر آ رہی ہے، عوام کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں ریلیف مل رہا ہے: عظمیٰ بخاری

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع