وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، پی آئی اے کی نجکاری اور معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڈنگ کا پورا عمل انتہائی شفاف رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا عزم کیا تھا اور پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ وزیراعظم کے مطابق خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے وژن کا حصہ ہے۔

وزیراعظم نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں خاطر خواہ اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا ہے۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے حالیہ ملاقاتوں کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے فروغ میں پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ایک روز قبل سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 30 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی، جن میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس 2025 سے متعلق کارروائی کی منظوری بھی شامل ہے۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 3 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

اسی طرح وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی، جن میں آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی کے حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور اس ضمن میں حکمت عملی ترتیب دینے کے فیصلے شامل ہیں۔

مزید برآں وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر تھرڈ پارٹی کی جانب سے آف دی گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت کے حوالے سے آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے صدارتی حکم نامے کے اجرا کے لیے کارروائی کی منظوری دے دی۔

Related posts

اسلام آباد: تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم کی ہنگامی کمیٹی قائم

پاکستان بھر میں ڈرون اُڑانے پر پابندی — سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات

پاک فضائیہ کی کارروائی: ننگرہار میں مبینہ ایمونیشن ڈیپو تباہ، سرحدی کشیدگی میں اضافہ