جماعت اسلامی کی “حق دو پشاور کو” تحریک کا باقاعدہ آغاز، حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید

پشاور: جماعت اسلامی نے پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے “حق دو پشاور کو” تحریک کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ تحریک کے اعلان کے موقع پر پریس کلب پشاور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت کی پالیسیوں، کرپشن اور ناقص حکمرانی پر شدید تنقید کی۔

پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان، سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم خلیل، حافظ حشمت خان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ صابر حسین اعوان تحریک کے سرپرستِ اعلیٰ جبکہ کاشف اعظم خلیل کو “حق دو پشاور کو” تحریک کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صابر حسین اعوان نے کہا کہ گزشتہ تیرہ برسوں سے صوبے میں ایک ہی سیاسی جماعت کی حکومت ہے، مگر عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بدامنی، بے روزگاری اور شدید معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم خلیل نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری کے دعوؤں کے پیچھے چھپے عناصر کو گزشتہ 13 سالوں میں مبینہ طور پر ہونے والی 8 ہزار 400 ارب روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ اس وقت بدترین کرپشن کی آماجگاہ بن چکا ہے اور عوام کو جھوٹے نعروں اور دعوؤں کے ذریعے گمراہ کیا جا رہا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ “حق دو پشاور کو” تحریک کے تحت گراس روٹ لیول پر عوام کو منظم کیا جائے گا اور پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے غصب شدہ حقوق دلانے کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔

Related posts

اسلام آباد: تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم کی ہنگامی کمیٹی قائم

پاکستان بھر میں ڈرون اُڑانے پر پابندی — سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات

پاک فضائیہ کی کارروائی: ننگرہار میں مبینہ ایمونیشن ڈیپو تباہ، سرحدی کشیدگی میں اضافہ