کراچی: گزشتہ دنوں یوٹیوبر رجب بٹ پر کراچی کی سیشن عدالت کے باہر ہونے والے حملے کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں مبینہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو رجب بٹ کی حمایت اور حملے میں ملوث وکلاء کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے دکھایا گیا۔
تاہم جیو فیکٹ چیک اور متعدد اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز کے تجزیے کے مطابق یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار شدہ ہے اور حقیقی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق:
• یونیورسٹی ایٹ بفیلو کے ڈیپ فیک-او-میٹر (DeepFake-o-Meter) نے ویڈیو کو 84.44 فیصد جعلی قرار دیا۔
• ڈیپ فیک آواز کی شناخت کرنے والے ٹول ہائیا (Hiya) نے آڈیو کو 24 میں سے 100 کے اسکور کے ساتھ مصنوعی قرار دیا۔
• گوگل سنتھ آئی ڈی (SynthID) کے تجزیے نے بھی ویڈیو کو جنریٹو اے آئی ماڈل کے ذریعے تیار شدہ پایا۔
پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی تصدیق کی کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور ایسی کوئی ویڈیو وزیراعلیٰ نے ریکارڈ نہیں کرائی۔ مریم نواز شریف کی سابقہ عوامی تقریروں سے موازنہ کرنے پر بھی وائرل کلپ میں لہجے اور اندازِ بیان میں واضح فرق پایا گیا۔
فیصلہ: وزیراعلیٰ پنجاب کی وائرل ہونے والی ویڈیو مکمل طور پر جعلی اور مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ ہے اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں رکھتی۔