وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے تیار

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ صوبائی معاملات پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت اور تعلقات بہتر بنانے کے لیے تیار ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں اس حوالے سے کوئی ہدایت نہیں دی۔

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا ٹاسک محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر صوبے کے مفاد میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کے حامی ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو عوامی مفادات کے مطابق پالیسیاں بنانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تقریب یا میٹنگ ہوئی تو وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ضرور ملاقات کریں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے بات چیت کے حالات اور ماحول سازگار ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے سیاسی کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا باہر نکلنا بالکل جائز ہے اور وہ اپنے بھائی کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ سہیل آفریدی کے مطابق ان کے کراچی جانے کا مقصد عوام کو عمران خان کی رہائی کے لیے متحرک کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے لاہور کے دورے کے دوران سخت زبان کے استعمال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان سے غلطی ہوئی، جو عمل کا ردعمل تھی، تاہم وہ اس پر معذرت کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور بامقصد مکالمہ ناگزیر ہے.

Related posts

وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا تربت میں ایف سی بلوچستان (ساوتھ) ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی تیاریوں اور زیر تعمیر ہسپتال کا معائنہ

عمران خان کو جیل میں مکمل سہولیات اور پسند کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، صحت بالکل ٹھیک ہے: اعظم نذیر تارڑ

پنجاب حکومت کی کارکردگی گراونڈ پر نظر آ رہی ہے، عوام کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں ریلیف مل رہا ہے: عظمیٰ بخاری